نعت رسول کریم ﷺ

مصنف : اذکار ازہر خان درانی

سلسلہ : نعت

شمارہ : نومبر 2019

جو فردوس تصور ہیں وہ منظر یاد آتے ہیں
مدینے کے گلی کوچے برابر یاد آتے ہیں
جو لگتا ہے کوئی کنکر بدن پر دین کی خاطر
تو دل کو وادی طائف کے پتھر یاد آتے ہیں
فضاؤں میں اگر کوئی پرندہ رقص کرتا ہے 
تو آنکھوں کو مدینے کے کبوتر یاد آتے ہیں
مراتب پائے ہیں کیا کیا تیری نسبت سے ذرّو ں نے 
ابوبکرؓ و عمرؓ ، عثمانؓ و حیدرؓ یاد آتے ہیں
اخوت اور ایثار و محبت جن کا شیوہ تھا
وہ عالی ظرف اصحاب پیمبرﷺ یاد آتے ہیں
ؔزمانے کی گراں خوابی کا عالم دیکھ کر ازہر
نبی کے دین کی بیداری کے پیکر یاد آتے ہیں