حمد ربِّ کریم

مصنف : مظفر وارثی

سلسلہ : حمد

شمارہ : مارچ 2020

میں تیرا فقیر ملنگ خدا مجھے اپنے رنگ میں رنگ خدا
خوشبو کی طرح ہر چند رہوں تری مٹھی میں ہی بند رہوں
تری یاد سے بہرہ مند رہوں گم تجھ میں تری سوگند رہوں
دم دم تو میرے سنگ خدا مجھے اپنے رنگ میں رنگ خدا
تو دن میں ہے تو رات میں ہے ہر پھول میں ہے ہر پات میں ہے
مری سوچ مرے نغمات میں ہے ،مری روح میں ہے مری ذات میں ہے
ترا نُور ترا آہنگ خدا مجھے اپنے رنگ میں رنگ خدا
مرا ظاہر اندر جیسا ہو منظر، پس منظر جیسا ہو
مرا عشق سمندر جیسا ہو اور تیرے پیمبر جیسا ہو
مرے جینے کا ہر ڈھنگ خدا مجھے اپنے رنگ میں رنگ خدا
تری رحمت یوں اپنائے مجھے آنکھوں پر وقت بٹھائے مجھے
تجھ بن اک سانس نہ آئے مجھے شیطان اگر بہکائے مجھے
کروں اپنے آپ سے جنگ خدا مجھے اپنے رنگ میں رنگ خدا
سینہ ہو مرا شیشے کی طرح اور بینائی جھرنے کی طرح
آواز بھی ہو شعلے کی طرح چمکوں میں سدا ہیرے کی طرح
مجھے لگنے نہ پائے زنگ خدا مجھے اپنے رنگ میں رنگ خدا