حمد باری تعالیٰ

مصنف : مظفر وارثی

سلسلہ : حمد

شمارہ : جولائی 2010

 

مرے لیے مرے اللہ دو حرم ہیں بہت
مرے گناہ تری رحمتوں سے کم ہیں بہت
 
تو سامنے سہی تجھ تک رسائی سہل نہیں
یہ راہِ راست وہ ہے جس میں پیچ و خم ہیں بہت
 
خطا معاف میں دو وحدتوں کا قائل ہوں
کہ تیرے بعد محمدؐ بھی محترم ہیں بہت
 
کدھر کدھر تری آواز کی طرف جاؤں
وجود ایک ہے میرا مگر عدم ہیں بہت
 
رہِ سلوک میں یہ کون سا مقام آیا
کہ خندہ زن بھی ہوں، آنکھیں بھی میری نم ہیں بہت
 
نیاز مند مظفر کو بھی بتا ان کا
وہ خاص ہستیاں جن پر ترے کرم ہیں بہت